ادرک کے حیرت انگیز فوائد
ادرک ایک ایسی سبزی ہے جو تقریباًہر ہانڈی میں ڈالی جاتی ہے تا کہ لذیز کھانے
بنائے جا سکیں لیکن دیسی ادویات کی تیاری میں بھی اسے بہت اہمیت دی جاتی ہے۔
اس کی وجہ وید کے ماہرین یہ بتاتے ہیں کہ اس سے نظام انہضام اور تنفس کو مضبوط بنانے میں بہت مدد ملتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ان میں مختلف طرح کی دھاتیں مثلاًکیلشیم، فاسفورس،آئرن،میگنیشیم،کاپر اور زنک پائی جاتی ہیں۔آئیے آپ کو ادرک کھانے کے فوائد بتاتے ہیں۔
کھانے سے پہلے
ادرک کی تاثیر گرم ہے اور اگر یہ کھانے سے پہلے کھایا جائے تو اس سے نظام انہضام مضبوط ہوتا ہے اور معدے کو فائدہ دیتے ہوئے کھانے کے ہضم ہونے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
گرم مشروب میں
اگر آپ کو زکام، کھانسی، سینے کی جکڑن،بہتی ہوئی ناک یا سر درد کا مسئلہ ہے تو ادرک کو شہد کے ساتھ یا چائے کے قہوہ میں اچھی طرح ابال کر استعمال کریں،تمام مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔
سفر کے دوران
اگر آپ کسی سفر پر روانہ ہورہے ہیں لیکن آپ کو ڈر ہے کہ راستے میں کہیں آپ کو موشن یا پیٹ خراب ہونے کے مسائل سے دوچار ہونا پڑ سکتا ہے تو ادرک کاٹ کر منہ میں رکھ لیں کہ اس طرح آپ کا پیٹ بالکل ٹھیک رہے گا اور سفر بھی خوشگوار رہے گا۔
جوڑوں کے درد کے لئے
اگر آپ کو ہڈیوں اور جوڑوں میں درد کی تکلیف ہے تو پھر آپ کو چاہیے کہ خشک ادرک کا استعمال کریں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں سوزش ختم کرنے والی خاصیت کی وجہ سے یہ جوڑوں کے درد میں آرام دیتا ہے۔
ادرک کے استعمال کے طریقے
کھانے سے پہلے ادرک کو نمک اور لیموں کے ساتھ کھائیں۔نہ صرف آپ کو مزہ آئے گا بلکہ یہ کھانے کے ہضم ہونے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
کھانے پکانے کے دوران ادرک کو باریک باریک کاٹ کر ڈالیں اور چاہیں تو کھانا پیش کرتے وقت ادرک کھانے کے اوپر کاٹ کر چھڑک دیں۔
ادرک کا رس جلد کی بیماریوں کے لئے بہت مفید ہوتا ہے اور ساتھ ہی آپ کے جلد کو نرم وملائم بناتا ہے۔